’’مصنوعی ذہانت‘‘ پر پریس کلب میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

125
کراچی پر یس کلب میں مصنوعی ذہانت کے موضوع پر تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر صدرسعید سر بازی ،سیکرٹری شعیب احمدجسارت کے سینئر ر پورٹر منیر عقیل انصاری کو اسناد پیش کر ر ہے ہیں

کراچی(رپورٹ: منیر عقیل انصاری)کراچی پریس کلب اور میڈٹیک کے اشتراک سے صحافیوں کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) مصنوعی ذہانت کے موضوع پر پریس کلب میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ سے کراچی پریس کلب کے صدرسعید سر بازی ،سیکرٹری شعیب احمد، سندھ حکومت محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن، کراچی پریس کلب کے سابق سیکرٹری و معروف سینئر صحافی اور میڈٹیک کے سربراہ ارمان صابر، مختلف ٹی وی چینلز سے وابستہ کراچی پریس کلب کے سینئر ممبر و ٹرینر رضوان اعوان اور کراچی پریس کلب اسکلز ڈیولپمنٹ کمیٹی کے سیکرٹری ثاقب صغیر نے اظہار خیال کیا۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اے آئی مصنوعی ذہانت ورکشاپ میں مختلف الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا سوشل میڈیا یوٹیوبرز سمیت خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ورکشاپ کے شرکا کو بتایا گیا کہ اے آئی ٹولز کو استعمال کر کے ایک صحافی اپنے وقت کا کم استعمال کر کے بہتر انداز میں اپنے کام میں مزید بہتری لا سکتے ہیں۔ ٹرینر رضوان اعوان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس یعنی مصنوعی ذہانت کا استعمال بتدریج تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اس کے دور رس اثرات بھی سامنے آرہے ہیں، میڈیا سے وابستہ افراد کو اپنی قابلیت و اہلیت میں اضافے کے ساتھ صحافیوں کو اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال لازم و ملزوم ہو گیا ہے، اس سلسلے میں انٹرنیٹ کے توسط سے اے آئی کا استعمال کر کے اپنی استعداد کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔ اے آئی ورکشاپ میں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا، آخر میں کراچی پریس کلب کی جانب سے ٹرینر رضوان اعوان اور مہمانوں کو یادگاری شیلڈز اور شرکاء کو اسناد پیش کی گئیں۔