چیمپئنز ٹرافی‘ پی سی بی بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد کیلیے پرامید

214

لاہور ( اسپورٹس ڈیسک )بھارتی میڈیا ایک بار پھر دعویٰ کر رہا ہے کہ ان کی ٹیمآئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔پی سی بی حکام اس بار زیادہ پرامید ہیں اور کہتے ہیں کہ بھارتی ٹیم پاکستان ضرورآئے گی۔پی سی بی کے مطابق بی سی سی آئی سیکرٹری جے شاہ کی آئی سی سی کی صدارت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ووٹ حاصل کرنے کے لیے دونوں بورڈز کے درمیان کوئی ڈیل ہو سکتی ہے، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کہتا ہے کہ ڈیل نہیں فیصلہ میرٹ پر ہوگا، ہمیں میزبانی ملی ہے اور بھارتی ٹیم لاہور آئے گی۔دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹیم کا پاکستان کا سفر حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی، آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کے درمیان ٹورنامنٹ کی تفصیلات پر بات نہیں ہوئی۔بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم اسی صورت میں پاکستان جائے گی جب بھارتی حکومت اسے 17 سال بعد پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت دے گی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی پر امید ہیں کہ فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی اور اس میں بھارتی کرکٹ ٹیم بھی شرکت کرے گی۔بارباڈوس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل میں شرکت کے بعد لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں محسن نقوی کا دعویٰ ہے کہ بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر ابھی کچھ نہیں کہوں گا مگر اچھی خبر ہی ہو گی۔ان کا کہنا تھا پی سی بی کو چیمپئنز ٹرافی سے قبل لاہور،کراچی اور راولپنڈی اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن مکمل کرنی ہے جبکہ بھارت سے کرکٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا سے بھی اچھا آپشنز ہے۔واضح رہے کہ 2008 میں بھارتی ٹیم آخری بار ایشیا کپ میں شرکت کے لیے کراچی آئی تھی، پاکستانی ٹیم نے اکتوبر میں ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کے لیے بنگلورو، چنئی اور کولکتہ میں میچز کھیلے تھے۔تاہم بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ ان کی ٹیم 19 فروری سے 9 مارچ تک شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کرے گی باوجود اس کے کہ پی سی بی نے جمعے کو ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔