ایجسٹن ( اسپورٹس ڈسیک )ورلڈ چمپئن شپ آف لیجنڈز ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنیوالے قومی ٹیم کے کپتان یونس خان نے ریٹائرڈ کرکٹرز کے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے زیادہ فٹ ہونے کے دعویٰ کو مسترد کردیا۔گزشتہ روز ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے معرکے میں روایتی حریف بھارت کو شکست دینے کے بعد کپتان یونس خان سے میڈیا گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ ریٹائرڈ کرکٹرز پر مشتمل پاکستان چیمپئنز کی موجودہ کرکٹرز سے زیادہ فٹ نظر آتی ہے؟۔ جس پر یونس خان نے جواب دیا کہ ایسا نہیں! ہماری موجودہ ٹیم بہت فٹ ہے، جب کوئی ٹیم نہیں جیتتی تو ایسی باتیں کہی جاتی ہیں اور شکست خوردہ ٹیم پر ملبہ گرانا آسان ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ لوگ لیجنڈز کی پرفارمنس کو دیکھ کر خوش ہیں اور ہمارے بارے میں مثبت بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ٹورنامنٹ جیتنا اور اپنے مداحوں کو خوش کرنا ہے، حالیہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد بہت سے شائقین مایوس ہیں، جنہیں ہم دوبارہ کھیل کی طرف راغب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان چیمپیئنز نے ٹورنامنٹ میں اپنی مسلسل تیسری فتح حاصل کی تھی، روایتی حریف بھارت کو 68 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیکر قومی ٹیم ٹورنامنٹ کی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرچکی ہے۔