کراچی (اسٹاف رپورٹر )گزشتہ شب فیڈرل بی ایریا کریم آباد کے قریب مسلح موٹرسائیکل سوار کی فائرنگ سے ڈی ایس پی جاں بحق جبکہ گن مین شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل جہاں دوران علاج وہ بھی جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق ڈی ایس پی علی رضا اپنے گن مین وقار ولد حسن کے ساتھ کریم آباد کے قریب واقع ایک رہائشی عمارت میں اپنے دوست سے ملنے آئے تھے۔ اسی دوران موٹرسائیکل سوارافراد نے دونوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔جہاں ایک گولی ڈی ایس پی علی رضاکے سر پرلگی،جس سے وہ موقع پرہی جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق مقتول ڈی ایس پی علی رضا سی ٹی ڈی گارڈن میں تعینات تھے جو ایس ایس پی چودھری اسلم کے قریبی ساتھیوں میںسے تھے۔ ڈی ایس پی علی رضا نے فرقہ ورانہ دہشت گردی میں ملوث متعدد گروہ گرفتار کیے، جن میںمختلف علما کرام سمیت اہم شخصیات کے قاتل بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ وہ کراچی آپریشن کے بھی اہم کردار تھے، جس کی بناپر علی رضا مختلف گروپوں کے نشانے پر تھے ۔ پولیس نے بتایاکہ ڈی ایس پی علی رضا پر2 حملہ آوروں نے فائرنگ کی، ایک حملہ آور نے اجرک اور دوسرے نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا اور اب تک کی معلومات کے مطابق حملہ آور نے پستول پر سائلنسر لگایا ہوا تھا۔پولیس کے مطابق واقعے کی جگہ سے نائن ایم ایم کی گولیوں کے 11 خول ملے ہیں اور فائرنگ میں زخمی گارڈ عمارت کا سیکورٹی گارڈ ہے۔دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ایس ایس پی سینٹرل سے رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے ہدایت کی کہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔