ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش,کراچی میں آج آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

222

کراچی/لاہور/کوئٹہ/پشاور (اسٹاف رپورٹر+ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش، کراچی میں آج آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق کراچی میں آئندہ 2 روز میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔شہر میں مون سون کی ابتدائی بارشیں 8 سے 10 جولائی کو ہوسکتی ہیں۔ کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، شہر میں مغربی سمت سے17کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد رہا۔ادھر پنجاب کے دارالحکومت لاہور، مری سمیت پشاور اور مضافاتی علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ پنجاب کے ضلع ملتان، پاک پتن، بھکر، رحیم یار خان اور بہاولنگر سمیت کئی شہروں میں رات گئے بارش ہوئی، مری کے بالائی اور نشیبی علاقوں میں طوفانی بارش کے باعث اندھیرا چھا گیا، تیز ہوا کے ساتھ برسات سے موسم ٹھنڈا ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں تک مری میں تیز بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہ سکتا ہے، اس کے علاوہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تنبیہ کی ہے کہ مون سون کی بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے وارننگ جاری کی ہے کہ تیز بارش کے دوران سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے شہر پشاور اور مضافات میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ایبٹ آباد اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش ہوتے ہی شہر بھر میں نالے ابل پڑے ،نشیبی علاقے اور گلیاں زیرآب آگئیں، کینٹ کی آبادی میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور سڑکوں میں دریا بہنے لگے۔ بلوچستان میں بھی بارش کاسلسلہ جاری ہے، بارش کے بعد ہرنائی کا سبی سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ ریلوے لائن بھی متاثر ہوئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں سے ہرنائی کے کئی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ سیلابی صورتحال سے سنجاوی کے قریب ہرنائی سبی سڑک بھی متاثر ہوئی۔ ہرنائی کے علاقے اسپین کاریز کے قریب ریلوے لائن کو بارشوں سے نقصان پہنچا ہے۔ ژوب، بارکھان، لورالائی، آواران شیرانی، کوہلو، موسیٰ خیل، خضدار، لسبیلہ اور گردونواح میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بلوچستان میں رواں سال معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ظاہرکردیا، ان کے مطابق جولائی کے دوران بارش کے دو تین اسپیل آئیں گے، اگست میں بلوچستان میں مون سون کی زیادہ بارشیں ہوں گی۔