سابق برطانوی وزیرِ اعظم کی اہلیہ کو شدید تنقید کا سامنا

235

انتخابی شکست کے بعد برطانوی وزیرِ اعظم کے منصب سے سبک دوش ہونے کے اعلان کے وقت رشی سُناک کی اہلیہ اکشتا مورتی نے جو لباس زیبِ تن کیا اُس پر شدید نکتہ چینی کی جارہی ہے۔

جب رشی سُناک انتخابی شکست کا اعتراف کرتے ہوئے تقریر کر رہے تھے تب اکشتا مورتی اُن کے پیچھے کھڑی تھیں۔ انہوں نے بہت عجیب ڈیزائن کا لباس زیبِ تن کیا ہوا تھا۔ لباس کی کلر اسکیم بھی عجیب تھی۔ وہ شاید برطانیہ کے قومی پرچم کی کلر اسکیم پیش کرنا چاہتی تھیں مگر سوشل میڈیا صارفین نے اِسے ان کی ٹرولنگ کا موقع جانا اور شروع ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر بہت سے صارفین نے کہا کہ اس موقع پر اکشتا کو لباس کا انتخاب سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے تھا۔ انہیں ہلکے رنگوں والا سادہ سا لباس زیبِ تن کرنا چاہیے تھا۔

ایک انٹرنیٹ یوزر نے لکھا کہ اکشتا کا لباس دیکھ کر لگتا ہے کہ بس ابھی اگلے ہی لمحے کوئی طیارہ ٹیک آف یا لینڈنگ کرے گا۔ کسی نے لکھا کہ ایسی لکیریں تو سڑکوں پر دکھائی دیتی ہیں تاکہ گاڑیاں اپنی اپنی حدود میں رہیں۔

واضح رہے کہ کنزرویٹو کی عبرت ناک انتخابی شکست کے بعد پارٹی لیڈر کی حیثیت سے رشی سُناک کو بھی شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے اس بات کو بھی نوٹ کیا اور کُھل کر بیان کیا کہ رشی سُناک اپنی پارٹی کی شکست پر کچھ زیادہ ہی بجھے ہوئے تھے۔ وہ ایک سیاست دان ہیں اور انتخابی شکست و فتح پر ردِعمل ظاہر کرنے کی ایک معقول حد ہے۔

رشی سُناک کی کئی ایسی تصویریں وائرل ہوئی ہیں جن میں وہ منہ لٹکائے کھڑے ہیں۔ لوگوں نے اُن کی پژمردگی پر تنقید کرتے ہوئے کئی میمز بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہیں۔