ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کے خدشات پر الرٹ جاری

103
heavy rains

اسلام  آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی وجہ سے اربن فلڈنگ کے خدشات پر متعلقہ محکموں نے الرٹ جاری کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے بعد ندی نالوں میں طغیانی اور شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ آج  رات اور کل اتوار کو موسلا دھار بارش سے کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان  اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں  میں سیلابی صورت حال اور طغیانی کا خطرہ ہے۔ خطہ پوٹھوہار،  لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، فیصل آباد میں اربن فلڈ نگ کا خدشہ ہے۔

شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، گجرات،گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، لیہ، بھکر، تونسہ، راجن پور، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، خانیوال، بہاولنگر  اور بہاولپور میں چند مقامات پر  آندھی  اور  گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دوسری طرف بلوچستان کے بیشتر اضلاع  میں موسم گرم اور مرطوب   رہے گا تاہم  ژوب، بارکھان، کوہلو، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، خضدار، آواران، لسبیلہ اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور  اس دوران چند ایک مقاما ت پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔