غزہ : اسرئیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید 27 فلسطینی شہید

237

غزہ :اسرائیلی فوج کے مظالم جاری ہیں، غزہ میں فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید 27 فلسطینی شہید ہو گئے۔

قطری نشریاتی ادارے ‘الجزیرہ’ کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فورسز نے خان یونس اور رفح کے قریب علاقوں کو نشانہ بنایا، جہاں ایک گروپ پر حملہ کیا گیا جو تجارتی سامان لے جانے والے ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے میں مدد فراہم کر رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق، اس حملے میں کم از کم 10 افراد شہید ہو گئے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر نصیر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں کی بڑھتی ہوئی شدت کو “مکمل پیمانے پر جنگ کے خطرے کو بڑھاتا ہے” قرار دے دیا۔

حزب اللہ اور اسرائیل روزانہ فائرنگ کے تبادلے میں مصروف ہیں، جو حالیہ دنوں میں اسرائیلی فوج کی طرف سے حزب اللہ کے ایک اعلیٰ کمانڈر کی شہادت کے بعد بڑھی ہے۔

اقوام متحدہ نے دونوں فریقوں سے “فوری طور پر دشمنی کے خاتمے کی طرف لوٹنے” کا مطالبہ کیا ہے ۔