کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرا دی۔کوئٹہ میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آپریشن عزم استحکام کا اعلان کیا۔پاکستان پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت ضرور کرے گی اور اپنے نمائندوں کو بھیج کر اْس میں بلوچستان کے حالات و امن و امان کے حوالے سے بھی آواز اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے روز سے دہشت گردی کے خلاف ہیں، ہم اس کے مستقل خاتمے کا مطالبہ کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر صوبائی حکومت امن و امان قائم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔پی پی چیئرمین نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزرا کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا سب سے بڑا مسئلہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری ہے، بلوچستان کے محدود وسائل ہیں مگر ان ہی میں رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینا ہے۔انہوںنے اعلان کیا کہ نصیر آباد میں گمبٹ کی طرح کا جدید ٹرانسپلانٹ اسپتال بنائیں گے، سندھ کی طرح بلوچستان میں بھی پیپلزبس سروس شروع کی جائے گی، غریبوں کو سولر فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، حکومت کے علاوہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کم قیمت پر بجلی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔