ٹیکس دینے کی استعداد والے نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلیے فوری اقدامات کا حکم

136
sales tax returns

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس دینے کی استعداد کے حامل نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا حکم دے دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے  گوشوارے جمع نہ کرانے والے ایسے شہری کو قابل ٹیکس آمدن رکھتے ہیں، کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے علاوہ پورٹس پر سامان کی درست اسکریننگ اور اس کے لیے عالمی معیار کے اسکینرز لگانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم نے کسٹمز اپریزرز کا صوابدیدی اختیار بھی فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا، جس میں  وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیرمملکت علی پرویز ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر، پاکستان بزنس کونسل کے سی ای او احسان ملک، کارنداز کے سی ای او وقاص الحسن اور متعلقہ حکام کے علاوہ ڈاکٹر شمشاد اختر، نوید اندرابی، آصف پیر اور علی ملک نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکا کو ایف بی آر میں اصلاحات اور ادارے کو ڈیجیٹائز کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ایف بی آر کے موجودہ نظام اور افرادی قوت کے حوالے سے جائزہ اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور تقریباً 4 ہزار کمپنیوں کی جانب سے جعلی اور انڈرانوائس والے سیلز ٹیکس ریفنڈ کی نشاندہی کرکے انہیں روک دیا گیا ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ تقریباً 45 لاکھ ایسے افراد کی نشاندہی کی جا چکی ہے جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں مگر ٹیکس میں نہیں ہیں، جس پر وزیرِ اعظم نے ہدایات جاری کیں کہ ایسے لوگ (نان فائلرز) جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں اور گوشوارے جمع نہیں کرواتے انہیں فوری طور پر ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔