مون سون ہوائیں کل سندھ میں داخل ہوں گی، کراچی میں 8 جولائی کو شدید بارش کا امکان

257
Chance of rain in Karachi

کراچی: سندھ میں مون سون ہوائیں کل ہفتے کے روز داخل ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے بعد شہر قائد میں 8 جولائی پیر کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے سسٹم کے تحت 7 اور 8 جولائی (اتوار اور پیر) کو اندرون سندھ کے علاقوں گھوٹکی، جیکب آباد، کشمور، سکھر، دادو، خیرپور اور شکارپور سمیت دیگر مقامات پر آندھی  اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے جب کہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم و مرطوب رہنے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

شہر قائد سمیت صوبے کے ساحلی مقامات پر بوندا باندی ہو سکتی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کل (ہفتے کو) کراچی کا موسم جزوی ابرآلود اور گرم و مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ جمعہ و ہفتہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 تا 36 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق جمعہ کے روز شہر میں سمندری ہوائیں 21 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی رہیں جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد رہا۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 31ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔