تمام سہولیات خریدتے ہیں، ٹیکس کے بدلے حکومت کیا دیتی ہے؟شہریوں کا اسلام آباد میں احتجاج

106

اسلام آباد:حکومت کی جانب سے تنخواہ دار طبقے پر نئے اور بھاری ٹیکسز کے خلاف شہریوں نے وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کیا، جس  میں مظاہرین نے کہا کہ تمام سہولیات عوام خود خریدتے ہیں، حکومت بھاری ٹیکس لینے کےبدلے میں عوام کو  کیا دیتی ہے؟

سرکاری اداروں کے ملازمین اور دیگر نجی اداروں سے وابستہ افراد نے اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں جناح ایونیو پر احتجاج کیا، جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ احتجاجی مظاہرے میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔ اس موقع پر مظاہرین نے احتجاجی نعروں پر مبنی پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جب کہ حکومت کی جانب سے عائد کیے گئے نئے ٹیکسز اورسخت عوام دشمن فیصلوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

احتجاج کے دوران بات کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت نے غریب عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ بچوں کے دودھ سمیت تمام اشیائے خور و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا تر ہوتا جا رہا ہے تو دوسری جانب تنخواہوں پر ٹیکس بڑھا کر عوام کی کمر توڑ دی گئی ہے۔

مظاہرین نے کہا کہ حکومت سرمایہ داروں، جاگیرداروں پر ٹیکس بڑھانے کے بجائے غریب اور تنخواہ داروں کا خون نچوڑ رہی ہے۔ تعلیم، علاج سمیت تمام بنیادی سہولیات عوام خود خرید رہے ہیں تو  ریاست ٹیکس کے بدلے عوام کو کیا دے رہی ہے؟