پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال، مختلف شہروں میں متعدد پیٹرول پمپس بند

111
hoarders

کراچی: آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان پر مختلف شہروں میں پٹرول پمپس بند کردئیے گئے ہیں ، ایسوسی ایشن نے اسلام آباد کے علاوہ ملک بھر میں پٹرول پمپس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں اکثر پیٹرول پمپس بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہےجبکہ پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے اعلان کے بعد پشاور اور لاہور میں پیٹرول پمپ کھلے ہیں اور پیٹرول کی فراہمی جاری ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات ملک بھر میں دستیاب رہیں گی ، ملک بھر میں پیٹرول پمپ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے جب کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پمپ کھلے رکھنے اور سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار موجود ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن پنجاب نے کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے پھر بھی آج ہڑتال نہیں کریں گے، ایسے اقدامات سے حل نہیں نکل سکتا بلکہ مذاکرات کا راستہ ہی اختیار کیا جائے گا۔