پیٹرولیم ڈیلرز نے ہڑتال فوری طور پر مؤخر کرنے کا اعلان کردیا

132
shortage

کراچی:پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک بھر میں جمعہ کے روز ہونے والی پیٹرول پمپس کی ہڑتال فوری طور پر مؤخر کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

چیئرمین ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان و دیگر عہدیداروں نے کراچی میں پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ ڈیلرز کی جانب سے فوری طور پر ہڑتال کو مؤخر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ شمالی علاقوں میں پھنسے ہوئے سیاحوں کی صورت حال کو دیکھ کر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ایک روز کی  پیٹرول پمپس بند کرنے کی ہڑتال کامیاب رہی ہے۔ اس دوران لوگوں کو پریشانی ہوئی کیوں کہ موٹر سائیکلز چل نہیں سکتیں۔ اسی طرح مالاکنڈ، ہزارہ، سوات اور دیگر شمالی علاقوں میں بڑی تعداد میں سیاح موجود ہیں جو پیٹرول بندش کی وجہ سے پھنس سکتے ہیں، لہٰذا فوری طور پر ہڑتال کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔

ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ ہڑتال کرنا آسان فیصلہ نہیں تھا کیوں کہ پوری حکومت اس فیصلے کی مخالفت کررہی تھی۔  انہوں نے وضاحت کی کہ صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہڑتال کی کال واپس لی گئی ہے تاہم یہ صرف ملتوی کی جا رہی ہے، اسے ختم نہیں کیا گیا۔ کچھ علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے ڈیلرز کو دھمکیاں دی گئیں۔

چیئرمین ایسوسی ایشن عبدالسمیع  خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آنکھیں بند کرکے ٹیکس لگا دیا ہے، ہمیشہ بجٹ بنانے سے پہلے ہمیں بلایا جاتا تھا جب کہ ہم نے وزیرخزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں تو وہ خاموش ہی رہے، حکومت کے طے کردہ نرخ سے ہم ایک پیسہ نہیں بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی صورت حال میں ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو اسلام آباد کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ ڈیلرز سے 0.5 فیصد ٹیکس عائد کرکے ان سے اوسطا فروخت پر 10 لاکھ روپے ٹیکس وصول کیا جائے گا، ڈیلرز کی خرید و فروخت مکمل دستاویزی ہے۔