پاکستانی طلبہ نے ملک کی پہلی اربن الیکٹرک کار بنادی

235

کراچی: پاکستانی طلبہ نے ملک کی پہلی اربن الیکٹرک کار بنا کر منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نیول انجینئرنگ کالج کے طلبہ نے پاکستان کی پہلی اربن الیکٹرک کار تیار کی ہے۔ شہری استعمال کے لیے بنائی گئی یہ کار بجلی سے چلے گی اور کم وقت میں چارج ہوگی۔ طلبہ نے اس کار کا نام ‘آزاد’ رکھا ہے۔

طلبہ کی اس سائنسی تخلیق کا آغاز 2009ء میں ہوا تھا اور اس کے بعد سے پاکستان نیول انجینئرنگ کالج کراچی کے طلبہ نے جدید دور اور ٹیکنالوجی کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی اربن الیکٹریکل کار تیار کی ہے، جس کی رونمائی کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔ ایم ڈی پاکستان نیوی ڈاکیارڈ مظہر محمود ملک رونمائی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان نیول انجینئرنگ کالج کے طلبہ کی ٹیم نے اب تک مجموعی طور پر 17 کاریں بنائی ہیں، تاہم جدید دور کی الیکٹرک گاڑیوں کے مقابلے میں نئی بننے والی کار مختصر وقت میں چارج ہوکر 200 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت کی حامل ہے۔

طلبہ کا کہنا ہے کہ اس  کار کو تیار کرنے میں پلاسٹک، شیشہ، لوہا اور فائبراستعمال ہوا ہے جب کہ اس کے ٹائر بھی خصوصی طور پر نصب کیے گئے ہیں۔

تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ ہم طلبہ کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کررہے ہیں جہاں وہ کھل کراپنی تخلیقی صلاحیتوں کے جوہردکھاسکتے ہیں،یہ بچےان کاروں کوقطعی طورپرکمرشل بنیادوں پرتیارنہیں کررہے۔

انہوں نے کہا کہ مکمل کارکی تیاری میں ان گنت پرزے استعمال ہوتے ہیں،جس کی تیاری میں تمام اسٹوڈنٹس نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا،تقریب کے آخرمیں کارتیارکرنے والے اسٹوڈنٹس میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔