سیکورٹی خدشات:اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کردیا

105

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ضلعی  انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو دیا گیا جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 6 جولائی کے لیے اسلام آباد میں پشاور موڑ پر ترنول کے مقام پر جلسے کے لیے اجازت نامہ جاری کیا تھا، جسے سیکورٹی خدشات اور ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر منسوخ کردیا گیا ہے۔

محرم الحرام اور سیکورٹی خدشات کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے چیف کمشنر اسلام آباد کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹی اداروں کے افسران  شریک ہوئے تاہم کسی سیاسی جماعت کا کوئی نمائندہ دعوت دیے جانے کے باوجود شریک نہیں ہوا۔

چیف کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں پی ٹی آئی کو دیے گئے جلسے کے اجازت نامے کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد چیف کمشنر اسلام آباد نے درخواستوں، سیکورٹی خدشات، محرم الحرام کی آمد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارشات کی روشنی میں تحریک انصاف کے جلسے کا اجازت نامہ معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس حوالے سے جاری اعلایے میں کہا گیا ہے کہ جلسے کے اجازت نامے کی معطلی کا فیصلہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔ اسلام اباد میں امن عامہ برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری ترجیح ہے۔