کراچی میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا دوسرا مرحلہ 8 جولائی سے شروع ہوگا

471

کراچی:اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات کا دوسرا مرحلہ پیر 8 جولائی سے شروع ہوگا، جس میں 75500 سے زیادہ طلبہ شریک ہوں گے۔

اعلان میں بتایا گیا ہے کہ 8 جولائی سے شروع ہونے والے امتحانات 5 اگست تک جاری رہیں گے، جس میں صبح اور شام کی شفٹوں میں انٹرمیڈیٹ حصہ اول و دوم کامرس ریگولر و پرائیویٹ، آرٹس ریگولر و پرائیویٹ، خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن بشمول امپروومنٹ آف گریڈ/ڈویژن، ایڈیشنل سبجیکٹس، بینیفٹ کیسز، شارٹ سبجیکٹس، ٹی پی (بارہ پرچے) اور اسپیشل چانس کے امیدواروں کے امتحانات لیے جائیں گے۔

صبح کی شفٹ میں 9 تا 12بجے آرٹس ریگولر و پرائیویٹ، خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے امتحانات ہوں گے جس میں 21ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوں گے جب کہ شام کی شفٹ میں 2 تا 5 بجے کامرس ریگولر و پرائیویٹ گروپس کے امتحانات لیے جائیں گے جس میں 54ہزار 500سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔

امتحانات میں صبح و شام کی شفٹوں میں 128 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں 41امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 87 شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔ صبح اور شام کی شفٹوں میں 31 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

امتحانات میں نقل روکنے کے لیے بورڈ کی جانب سے سینئر اساتذہ پر مشتمل 13 سپر ویجی لینس ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں جو امتحانی مراکز کا دورہ کر کے امتحانی عمل اور وہاں موجود سہولیات کا جائزہ لیں گی۔ انٹربورڈ کراچی کے تصدیق شدہ آفیشل فیس بک پیج اور انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ساتھ ویب سائٹ اور آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی معلومات روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کی جارہی ہیں تاکہ طلبہ کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔