کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی مئیر کراچی سلمان مراد نے کہا ہے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق کراچی کے تمام 25 ٹاؤنز میں فنڈز کی منتقلی کا نظام یکساں رکھا گیا ہے۔
سلمان مراد کا کہنا تھا کہ تمام ٹی ایم سیز کلک اور اسمارٹ ریسرچرز کے نمائندوں کے ساتھ تعاون کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میونسپل کارپوریشن کی عمارت میں سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج منیجمنٹ میں ورلڈ بینک ، کلک (CLICK )اور اسمارٹ ریسرچرز ) SMART RESEARCHERS)کے تعاون سے پانچ سیشنز پر مشتمل ایک ماہ سے زائد جاری رہنے والی ٹریننگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں برس سندھ حکومت نے سالانہ بجٹ میں بھی تمام ٹاؤنز جس میں چاہے چئیرمن جماعت اسلامی ،پاکستان تحریک انصاف یا پاکستان پیپلز پارٹی کا ہو سب ٹی ایم سیز کو یکساں فنڈ تقسیم کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا تمام ٹاؤنز کے ساتھ بہتر تعلقات اور رابطے ہیں اور یہ ہی وجہ ہے کہ عید الضحیٰ میں آلائشوں کے اٹھانے کا آپریشن احسن انداز میں مکمل ہوا۔
ڈپٹی میئر کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک ،کلک اور اسمارٹ ریسرچرز کے تعاون سے شروع ہونے والی ٹریننگ میں مجموعی طور پر ایک ماہ کے دوران 5 سیشنز میں 25 ٹی ایم سیز کے فنانس،ڈیولیپمنٹ پلان ،پروکیورمنٹ، ،ٹیکسیشن اور سوشل سیف گارڈ کے حوالے سے 125 سے زائد افسران کو تربیت دی گئی،ان سیشنز کے دوران شرکاء کی مکمل حاضری ٹریننگ ہال میں موجود رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ سے زائد 5 سیشنز کے دوران سابق ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ سندھ عارف رضا خان ،ڈائریکٹر لیگل آئی ٹی سیپرا محمد ایوب علی خان ،پروجیکٹ منیجر اسمارٹ ریسرچرز ڈاکٹر منظور حسین میمن،ایڈوکیٹ سندھ ہائی ایس ایم علی جعفری،ڈائریکٹنگ اسٹاف نیشنل انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ وقار سلیم بیگ اور انیس احمد خان نے شرکاء کو لیکچر دئیے اور تربیتی نشست کے دوران ورلڈ بینک کے رولز کے تناظر میں کیسے ٹاون میونسپل کارپوریشنز کی سطح پر اسکیمیں تیار کی جائیں گی اور کن اسکیموں کو ترجیح بنیاد پر منظور کیا جائے گا اس کے لئے خاکے تیار کروائے گئے ۔اختتامی تقریب میں پروجیکٹ منیجر اسمارٹ ریسرچرز ڈاکٹر منظور حسین میمن،اسمارٹ ریسرچرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امین اللہ خان اور ڈائریکٹر اسمارٹ ریسرچرز خرم احمد نے ڈپٹی مئیر کراچی سلمان مراد کے ہمراہ شرکاء کو تعریفی اسناد اور تحائف تقسیم کئے ۔