قومی مینز ٹیم کے ہوم انٹرنیشنل سیزن 2024-25 کی تفصیلات جاری

204

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی مینز ٹیم کے ہوم انٹرنیشنل سیزن 2024-25 کی تفصیلات جاری کردیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اس سیزن میں 3 ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے ساتھ ساتھ چیمپئنز ٹرافی سے قبل سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلے گی جو 21 سال میں اس کی پہلی سہ فریقی ون ڈے سیریز ہوگی۔

ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا جو راولپنڈی میں 21 سے 25 اگست تک اور کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

پاکستان انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا جو ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر، کراچی میں 15 سے 19 اکتوبر اور راولپنڈی میں 24 سے 28 اکتوبر کھیلے جائیں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی میں 16 سے 20 جنوری اور ملتان میں 24 سے 28 جنوری ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز ملتان میں 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی۔

بنگلہ دیش نے آخری بار پاکستان میں ٹیسٹ فروری 2020 میں کھیلا تھا جبکہ انگلینڈ نے آخری بار پاکستان میں ٹیسٹ سیریز دسمبر2022 میں کھیلی تھی

ہوم انٹرنیشنل میچز کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی جہاں وہ 4 نومبر سے 7 جنوری کے دوران 2 ٹیسٹ، 9 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔

اگست 2024 سے مارچ 2025 کے عرصے میں پاکستان کرکٹ ٹیم 9 ٹیسٹ، 9 ٹی ٹوئنٹی اور 14 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی جبکہ ون ڈے میچوں کی تعداد چیمپئنز ٹرافی اور سہ فریقی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی کارکردگی کی بنیاد پر بڑھ سکتی ہے۔

دوسری جانب اس حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ شاٸقین کرکٹ نہ صرف دلچسپ کرکٹ سے محظوظ ہوں گے بلکہ انہیں اس خوبصورت ملک کی سیر کرنے کا موقع بھی ملے گا جس کے پاس پیش کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ میچز صرف کھیلوں کے مقابلے نہیں ہیں، یہ ہماری قوم کی کھیل سے ہماری محبت او ہمارے عزم کا ثبوت ہیں۔