سیاسی عزائم کی تکمیل کیلیے ڈیجیٹل دہشتگردی ریاستی اداروں کیخلاف سازش ہے، کور کمانڈرز کانفرنس

95

راولپنڈی:کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے ڈیجیٹل دہشت گردی ریاستی اداروں کے خلاف سازش ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی صدارت میں 265 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں ملک میں امن و استحکام شہدا، افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور پاکستانی شہریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

کور کمانڈرز اجلاس میں ملکی سلامتی کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت کی جانب سے اعلان کیے گئے آپریشن عزم استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنائی جانے والی حکمت عملی  کے تناظر میں آپریشن عزم استحکام کو اہم فیصلہ قرار دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اجلاس میں ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوش حالی کے لیےآپریشن عزم استحکام کو دہشت گردی و غیر قانونی سرگرمیوں کا گٹھ جوڑ ختم کرنے کے لیے وقت کا اہم تقاضا قرار  دیا گیا جب کہ چند حلقوں کی جانب سے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے بلاجواز تنقید اور مخصوص مفادات کے حصول کے لیے قیاس آرائیوں پر فورم کی جانب سے اظہار تشویش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ فورم کا علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورت حال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ کانفرنس کے شرکا نے کشمیر و فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت  کی گئی۔

شرکا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لیے کوشاں ہے۔ کانفرنس نے  سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا اور کہا کہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز ناکام بنانے کے لیے ہمیشہ سے تیار رہی ہے۔ انہوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوش حالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔