کوئٹہ:چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہوکر بلوچستان کے امن کے لیے آواز اٹھائیں گے۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے حوالے سے وزیراعظم نے اے پی سی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں پیپلز پارٹی اپنے نمائندوں کے ذریعے ضرور شریک ہوگی اور کانفرنس میں بلوچستان کے حالات خصوصاً امن کے حوالے سے آواز بلند کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی شروع ہی سے دہشت گردی کے خلاف ہے اور ہم دہشت گردی کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ چاہتے ہیں۔بلوچستان حکومت سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر قیام امن کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ نصیر آباد میں گمبٹ کی طرح کا جدید ٹرانسپلانٹ اسپتال قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں سندھ کی طرح پیپلزبس سروس بھی شروع کی جائے گی۔ غریبوں کو سولر فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، حکومت کے علاوہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت کم قیمت پر بجلی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔