واپڈا کے شہیدوں کو فوج جیسی سلامی دی جائے، عبداللطیف

188

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ واپڈا کے شہیدوں کو بھی فوج کی طرح سلامی دی جائے کیونکہ ہمارے ادارے کا سپاہی لائن مین ان دیکھے دشمن کیساتھ مسلسل نبرد آزما ہے اور وہ ملک کے شہروں اور قصبوں کو روشن رکھنے کیلیے شب و روز حالات جنگ میں ہے ، اس سے پہلے کہ محکمہ بجلی سے لائن اسٹاف کا خاتمہ ہوجائے اور ادارہ مکمل طور پر مفلوج ہوجائے ہمیں ہنگامی بنیادوں پر اس مسئلے کو حل کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے یوم شہداء پر لیبر ہال سے نکالی گئی مرکزی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شرکا ریلی نے اپنے ہاتھوں میں بینر ، جھنڈے ، شہید و زخمی ملازمین کے کتبے اُٹھائے ہوئے تھے اور پر جوش انداز میں اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگا رہے تھے، ریلی اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی جبکہ ریلی میں یونین کے صوبائی جنرل سیکرٹری اقبال احمد خان، اعظم خان، محمد حنیف خان ، نور احمد نظامانی ، رائو سعید احمد ، عبدالجبار عباسی شعبہ خواتین کی انچارج ثروت جہان، ناہید اختر، قرۃالعین کے علاوہ دیگر بھی شریک تھے۔ صدر یونین عبداللطیف نظامانی نے کہا کہ ہمارے ملازمین بالخصوص لائن اسٹاف جو ہمارے ادارے کے ہیرو ہیں وہ مسلسل حادثات کا شکار ہوکر شہید اور معذور ہو رہے ہیں، گزشتہ سال 66 لائن اسٹاف کام کی سرانجام دہی میں شہید ہوچکے ہیں جبکہ اس سے کہیں زیادہ زخمی و معذور ہوئے اور امسال بھی یہ سلسلہ نہ رُک سکا جس کی وجہ سے ادارے میں لائن پر کام کرنے والے ہنر مند ملازمین کی شدید کمی واقع ہو چکی ہے اور ہمارے بار بار مطالبات کے باوجود بھرتیاں بند کی ہوئی ہیں ایک ملازم سے 10 آدمیوں کا کام لیا جارہا ہے، کام کے دبائو اور افسران کے غیر ذمہ دارانہ رویوں کے باعث ملازمین ڈپریشن اور ذہنی اضطراب کا شکار ہوکر بیمار اور حادثات کا شکار ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کا بحران اس حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیگا، حکومت نے خود تسلیم کرلیا ہے کہ اس نے بجٹ آئی ایم ایف کی خواہش کے مطابق بنایا ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام ملازمین کو واپس گھروں کے نزدیک تعینات کیا جائے، بھرتیاں کھولی جائیں ، بونس کی ادائیگی فوری کی جائے، شہید و مرحوم اور زخمی ملازمین کے واجبات کی ادائیگیوں ترجیحی بنیاد پر کی جائیں۔ انہوں نے محکمہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہوں سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ہمارے شہید ہونے والے ملازمین کو بھی گاڈ آف آنر دے کر سپرد خاک کیا جائے تاکہ شہید کے اہل خانہ بھی فوج کی طرح فخر کرسکیں ۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان نے اپنے خطاب کے دوران حیسکو/سیپکو انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے واجبات کی ادائیگیاں بروقت کی جائیں۔