محرم کیلیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائے، کاشف شورو

192

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)عشرہ محرم الحرام نواسہ رسول ﷺ کی شہادت کا مقدس مہینہ ہے، اس ماہ میں عزاداران حسین کی جانب سے شہدائے کربلا کی یاد میں مجالس و محافل کے اجتماعات منعقدکیے جاتے ہیں، اس اہم مذہبی موقع پر صفائی و ستھرائی اور روشنی و دیگر انتظامات کو ہرممکن یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار مئیر کاشف علی خان شورونے محرم الحرام کے موقع پر شہر بھر میں مختلف مساجد، میلاد کمیٹیوں و تعزیہ و عزادار انجمنوں کی جانب سے نکالے جانے والے جلوسوں و دیگر محافلوں کے انعقاد کے انتظامات کے سلسلے میں میئر سیکرٹریٹ سوک سینٹر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میئر کاشف شورو نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران شہربھرمیں ایک جامع حکمت عملی تیار کرکے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جو محرم الحرام کے دوارن تمام متعلقہ ادارے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے صفائی ستھرائی سمیت دیگر ضروری اقدامات کریں تاکہ مجالس اور جلوسوں کے مقامات پرعزاداروں کوکسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میئر نے یقین دلایا کہ مجالس کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے اور اس ضمن میں انہوں نے حیسکو حکام کو بھی تحریری طور پردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ محرم الحرام میں جلوس اور مجالس کو ہر ممکن سہولیات مہیا کریں جبکہ انتظامیہ اور علمااکرام مل کر محرم الحرام کے ایام کے دوران امن امان قائم رکھنے اپنا کلیدی کا کردار ادا کریں۔