ملک کو عالمی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے،لال جروار

225

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) عوامی تحریک کی جانب سے سینئر صحافی اور جفاکش کردار اسحاق منگریو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے حیدرآباد پریس کلب میں ایک اعزازی تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں، ادیبوں، شاعروں، دانشوروں، صحافیوں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اعزازی تقریب سے عوامی تحریک کے مرکزی صدر لال جروار، اسحاق منگریو کے بیٹے رشید منگریو، اسحاق منگریو کی بیٹی شائستہ، سندھیانی تحریک کی مرکزی صدر عمرہ سمون، سینئر صحافی اور حیدرآباد پریس کلب کے صدر ظفر ھکڑو، سینئر صحافی فہمیدہ جروار، عوامی ورکرز پارٹی کے وفاقی سیکرٹری بخشل تھلہو، سینئر صحافی اقبال ملاح، سینئر صحافی دستگیر بھٹی، عوامی جمہوری پارٹی کے مرکزی رہنما سراج سیال، سندھ صحافی اتحاد کے سربراہ نعمت کھوڑو، عوامی تحریک کے مرکزی رہنما عبدالقادر رانٹو، اشفاق لغاری، فہیم نوناری، غلام مصطفیٰ چانڈیو، ادریس لغاری اور دیگر رہنماؤں نے خطابات کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی صدر لال جروار نے کہا کہ اسحاق منگریو قومی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے بہادر صحافی تھے، فطرت کے سچے عاشق تھے، سندھ کی زمینوں پر قبضوں، ڈیجیٹل مردم شماری اور دیگر مسائل کے خلاف جدوجہد میں اسحاق منگریو نے عوامی تحریک کا بھرپور ساتھ دیا، اس نے ہمیشہ قومی اور طبقاتی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کیا۔ لال جروار نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو عالمی سامراجی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی قسمت کے فیصلے آئی ایم ایف اور عالمی سامراجی ادارے کرتے ہیں، آئی ایم ایف کے کہنے پر بجٹ بنا کر عوام پر مہنگائی کا ایٹم بم گرایا گیا ہے، سندھ کی زمینوں اور وسائل پر قبضہ کرنے کے لیے پیپلزپارٹی کی سہولت کاری میں ون یونٹ سے بھی زیادہ حملہ کیا گیا ہے، سندھ کی زمینوں پر قبضہ کرکے سندھیوں کو اپنے ہی وطن میں بے وطن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ میں قبائلی سرداروں اور جاگیرداروں کو طاقتور بناکر عوام پر مسلط کیا ہے اور انتظامیہ سرداروں کے ذاتی ملازمین کا کردار ادا کر رہی ہے، قانون کی بالادستی کے بجائے سرداروں نے ریاست کے اندر ریاست قائم کر رکھی ہے۔ لال جروار نے کہا کہ سندھ کی زمینوں، پانی، جزائر اور وسائل پر پیپلزپارٹی کی سہولت کاری میں قبضے کیے جا رہے ہیں۔