نواب شاہ: سندھ حکومت کی پیپلز بس سروس کا افتتاح

85

نواب شاہ (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر صحت و پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے سندھ حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی پیپلز بس سروس کا افتتاح ڈی سی آفس میں کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری کی کاوشوں سے سندھ حکومت کی جانب سے پیپلز بس سروس شہید بینظیرآباد کے شہریوں کے لیے تحفہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے یہ پیپلز بس سروسز بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ویڑن عوام کی خدمت کرنا ہے کوشش ہوگی کہ جلد ضلع کے دیگر شہروں کے لیے بھی پیپلز بس سروسز شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے شروع ہونے والی پیپلز بس سروس میں خصوصی افراد مفت سفر کرسکیں گے صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ نواب شاہ میں این آئی سی وی ڈی کا منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا جس کے لئے شہر کی مخیر شخصیت ظفر آرائیں نے جگہ دی ہے جبکہ بی آئی یو ٹی کی سروسز بھی جلد شروع کی جارہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شہید بینظیرآباد کی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جارہے ہیں۔