سندھ کی خواتین دستکاری کے فن سے مالا مال ہیں، یاسر بھٹی

72

بدین (نمائندہ جسارت) پیشہ ورانہ مہارتوں کے ذریعے خواتین کی سماجی اقتصادی بااختیاریت کے عنوان سے جیم خانہ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے کہا دیہی سندھ کی خواتین دستکاری کے فن سے مالا مال ہیں، دستکاری کے فروغ کے لیے خواتین پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی تاکہ دستکاری کو ملکی سطح کی مارکیٹوں میں لایا جا سکے تاکہ ان چیزوں کی اچھی قیمت مل سکے مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا دورہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے کہا کہ ہر قوم اپنی ثقافت سے پہچانی جاتی ہے اور ہمیں اپنی قدیم ثقافت پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار میں مختلف آئیڈیاز جمع ہیں، ان آئیڈیاز کو جمع کرکے ان سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے ان سے مستفید ہو کر ضرور آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے، جیم خانہ میں خواتین کے لیے جیم اور انڈور گیمز کی سہولیات بھی موجود ہیں، شہر کے بس اسٹاپس اور خریداری مرکز کے قریب خواتین کی سہولت کے لیے ضلعی حکومت میونسپل کمیٹی کے ساتھ واش رومز تعمیر کر رہی ہے، اسی طرح پورے ضلع میں جہاں بھی ضرورت ہے وہاں خواتین کے لیے واش رومز بنائے جائیں گے۔