حکومت نے آئی ایم ایف کے دباؤ میں معیشت کو گروی رکھ دیا،زبیرطفیل

75

کراچی(کامر س رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے صدراور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر طفیل نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے دباؤ میں رہ کر اور اس کی ہر بات من وعن تسلیم کرکے ملکی معیشت کو گروی میں نہ رکھے،معیشت کے تمام سیکٹرز کے ساتھ انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے دوسری صورت میں معاشی حالات میں پیدا ہونے والا بگاڑ موجودہ یا آنے والی کسی بھی حکومت کے کنٹرول میں نہیں رہے گا،برآمدات اورزراعت کے بعد سب سے زیادہ روز گار دینے والا شعبہ ٹیکسٹائل کے خلاف اقدامات بند کیے جائیں، بظاہر یہی معلوم ہوتا ہے کہ حکومت نے اپنی ذمہ داریاں نہ نبھانے کا فیصلہ کرلیاہے، وزیرخزانہ ایف پی سی سی آئی ہیڈ آفس کا دورہ کریں اور بزنس کمیونٹی کے متاثر ہ شعبوں کے نمائندگان سے ملاقات کرکے انکے مسائل فوری طور پر دور کریں۔سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی مظہر اے ناصر اور سابق نائب صدر شکیل احمد ڈھینگڑا،یونائٹیڈ بزنس گروپ کے مرکزی ترجمان گلزار فیروز اور دیگر بزنس مینوں کے وفد سے گفتگو میں زبیر طفیل نے کہا کہ نئے مالی سال 2024- 2025کے وفاقی بجٹ کے اعلان کے بعد یکم جولائی سے ملک بھر میں مہنگائی کی نئی لہرپیدا ہوئی ہے اور تمام ہی اشیاء کی قیمتیں آسمانوں تک پہنچ چکی ہے اور یہ مہنگائی ملکی معیشت کیلئے ایک طوفان کا پیش خیمہ ہے۔