بینک آف پنجاب بحرین اور امارات میں دفاتر کھولے گا

103

لاہور(کامرس ڈیسک) بینک آف پنجاب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بینک کو مملکت بحرین میں ہول سیل بینکنگ یونٹ اور متحدہ عرب امارات میں ایک نمائندہ دفتر قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔بینک نے ایک نوٹس کے ذریعے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اس پیشرفت سے آگاہ کیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ بینک آف پنجاب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے یکم جولائی 2024 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں مملکت بحرین میں ڈبلیو بی یو اور متحدہ عرب امارات میں نمائندہ دفتر قائم کرنے کے کاروباری منصوبے کی منظوری دی ہے جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر ریگولیٹرز کی منظوری سے مشروط ہے۔بینک کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی منظوری کے بعد بی او پی بحرین میں ہول سیل بینکنگ برانچ اور متحدہ عرب امارات میں نمائندہ دفتر قائم کرنے کے لیے دیگر ریگولیٹری اتھارٹیز سے رجوع کرے گا۔