ایس ایم ایز سیکٹر کی ترقی کیلئے انڈسٹریل زون قائم کیا جائے، ولی اللہ

50

کراچی (کامرس رپورٹر) ایس ایم ایز سیکٹر کے لئے انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایا جائے، حکومت تجارتی وصنعتی سرگرمیوں کیلئے بزنس کمیونٹی کو ایک چھت تلے تمام سہولیات فراہم کرے، ان خیالات کا اظہار ایس ایم ای فائونڈیشن کے صدر ولی اللہ خان نے چھوٹے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایم ایز سیکٹر کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے مگر بدقسمتی سے وطن عزیز میں ایس ایم ایز سیکٹر کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں بیروزگاری اور مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے۔ بجٹ میں ایس ایم ایز سیکٹر کو مراعات دینے کے بجائے ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈال دیا گیا، حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایس ایم ایز سیکٹر کے فروغ کیلئے مراعاتی پیکیج کا اعلان کرے تاکہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدی منصوبے پر پیشرفت کی اطلاعات کے بعد ایس ایم ایز سیکٹر کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی ، وفاقی حکومت سے اپیل ہے کہ سی پیک کے ثمرات سے استفادہ کیلئے ایس ایم ایز سیکٹرکو درپیش مشکلات اور چھوٹے کاروباری اداروں کی سرکاری سطح پر سرپرستی کی جائے تاکہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوسکے۔