مارک کیوینڈش نے ٹوور ڈی فرانس سائیکل ریس کا5واں مرحلہ اپنے نام کر لیا

107

پیرس (اسپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کے سائیکلسٹ مارک کیوینڈش نے ٹوور ڈی فرانس سائیکل ریس کا 5واں مرحلہ جیت لیا۔ اسپین سے ٹوورڈی فرانس سائیکل ریس کے 111 ویں ایڈیشن کا آغاز ہوچکا ہے جس میں دنیا کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ ٹوور ڈی فرانس سائیکل ریس کے 5ویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے فرانس میں سینٹ جین ڈی مورین سے سینٹ ولباس تک کا 177.4 کلو میٹر فاصلہ طے کرنا تھا،39 سالہ برطانوی سائیکلسٹ مارک کیوینڈش نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ فاصلہ 4گھنٹے 08منٹ اور 46 سیکنڈز میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔بیلجیئم کے سائیکلسٹ جیسپر فلپسن نے دوسری جبکہ ناروے کے سائیکل سوار الیگزینڈر کرسٹوف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔سلووینیا کے سائیکلسٹ تڈیج پوگاآر نے چوتھا مرحلہ جیتنے کے ساتھ ساتھ ایکواڈور کے سائیکل سوارسے یلو جرسی چھین لی ۔
ٹوور ڈی فرانس سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3,498کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ۔ ٹوور ڈی فرانس سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں ہیں ،یہ ریس 24 روز جاری رہنے کے بعد 21 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی۔ ریس میں ٹیم جمبو ویزما کے ڈینش سائیکل سوار جوناس ونجیگارڈ راسموسن اپنے اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہیں ۔ ٹوور ڈی فرانس سائیکل ریس کا پہلا ایڈیشن 1903میں ہوا جو فرانسیسی سائیکل سوار مورس فرانسس گارین نے جیتا تھا۔