یوروکپ فٹ بال میں جرمنی اور اسپین کا حساب برابر ہے

240

یورو ٖفٹ بال2024 میں پہلا کوارٹر فائنل میزبان جرمنی اور اسپین کے درمیان اسٹوٹ گارٹ کے ایم ایچ پی ارینا میں آج کھیلا جائے گا۔ جرمنی نے دوسرے رائونڈ میں ڈنمارک کو 2–0 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جبکے اسپین نے جارجیا کے خلاف 4–1 سے کامیابی حاصل کرکے آخری 8 ٹیموں میں جگہ حاصل کی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ابھی تک جو26 بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں جرمنی نے9 میچوں میں اور اسپین نے 8 میچوں میں جیت حاصل کی ہے۔دونوں کے درمیان9 میچ برابر رہے۔ اسپین نے ان میچوں میں32 گول کئے جبکے جرمنی نے اس سے ایک گول کم کیا ۔

یورو کپ میں دونوں کا مقابلہ ابھی تک 5 مرتبہ ہوا ہے جس میں دونوں نے2,2 میچ جیتے ہیں اور ایک میچ برابر کھیلا ہے۔ جرمنی نے ان میچوں میں 5 گول کئے ہیں اور اسکے خلاف 3 گول ہوئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بین الاقوامی میچ عالمی کپ میں27 نومبر2022 کو کھیلا گیا تھا جو ایک، ایک گول سے برابر رہا تھا۔

یورو کپ میں دونوں کے درمیان پہلا میچ24 اپریل1976 کو کھیلا گیا تھا جو ایک، ایک گول سے برابر رہا تھا۔ اسی ٹورنامنٹ میں جب دونوں کا مقابلہ 22 مئی1976 کو کوارٹر فائنل میں ہوا تھا تو جرمنی نے 2-0 سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔ اسپین نے جرمنی کے خلاف یورو کپ میں پہلی جیت20 جون 1984گروپ میچ میں کی تھی۔ اس نے اس میچ میں1-0 سے جیت اپنے نام کی تھی۔ جرمنی نے17 جون 1988کو گروپ میچ میں2-0 سے ہرایا تھا۔ اسپین نے جرمنی کے خلاف29 جون2008 کو فائنل میں 1–0 سے شکست دی تھی۔

دوسرا کوارٹر فائنل ہمبرگ میں پرتگال اور فرانس کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پرتگال نے دوسرے رائونڈ میں سلووینیا کو پنالٹی شوٹ آئوٹ میں3-0 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے ۔ اس میچ میں دونوں ٹیمیں فاضل وقت کے بعد تک کوئی گول نہیں کرسکی تھیں۔ فرانس نے بلجیم کے خلاف دوسرے رائونڈ میں1–0 سے شکست دیکر آخری 8 ٹیموں میں جگہ حاصل کی ہے۔پرتگال اور فرانس کے درمیان ابھی تک جو28 بین الاقوامی میچ ہوئے ہیں اس میںفرانس نے19 میچ اور پرتگال نے 6 میچ جیتے ہیں۔ دونوں کے درمیان3 میچ برابر رہے ہیں۔ فرانس نے52 اور پرتگال نے31 گول کئے ہیں۔

یورو کپ میں دونوں کا مقابلہ4 مرتبہ ہوا ہے جس میں فرانس نے 2 میچ جیتے ہیں۔ فرانس نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے اور2 میچ برابر رہے ہیں۔ ٖفرانس نے ان میچوں میں 7 گول کئے ہیں اور اسکے خلاف 6 گول ہوئے ہیں۔23 جون1984 میں دونوں کا پہلا مقابلہ سیمی فائنل میں ہوا تھا جس میں فرانس نے فاضل وقت میں 3-2 سے جیت اپنے نام کی تھی۔ 28 جون2000 کو ہوئے سیمی فائنل میں فرانس نے 2-1 سے جیت اپنے نام کی تھی۔ پرتگال نے فرانس کے خلاف واحد کامیابی10 جولائی 2016 کو فائنل میں حاصل کی تھی۔ پرتگال نے فاضل وقت میں یہ گول کیا تھا۔23 جون2021 کو لیگ میں کھیلا گیا میچ دونوں ٹیموں کا آخری بین الاقوامی میچ تھا۔ یہ میچ کسی فیصلہ کے ختم ہوا۔ دونوں ٹیموں نے 2,2 گول کئے تھے۔54,886 تما شائی اس میچ کو دیکھنے بودا پسٹ کے پسکاس ایرینا میں آئے تھے۔