محرم الحرام کے ایام میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائیگی‘گورنر

67

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاہے کہ محرم الحرام کے سلسلے میں اگرمقامی حکومت کو سڑکوں کی کارپیٹنگ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے میں فنڈز کے مسائل درپیش ہیں تو میں ذاتی حیثیت میں بھی ان مسائل کو حل کرانے کے لیے تیارہوں۔ محرم الحرام میں شہر کے مختلف مقامات پر سبیلیں لگائیں گے۔محرم الحرام کے ایام میں مجالس کے دوران شہر بھر میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔محرم الحرام کے سلسلہ میں گورنرہائوس میں خصوصی سیل قائم کردیا گیاہے اس سیل کے ذریعہ سب سے رابطے میں رہیں گے صوبہ میں کہیں سے بھی کوئی شکایت موصول ہوئی تو اسے فوراً حل بھی کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں شیعہ علما کے ساتھ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اگر مقامی حکومت کے پاس علاقوں میں محرم الحرام کے ضمن میں سڑکوں کی کارپیٹنگ، صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے فنڈز کی کمی ہے تو میں متعلقہ رکن سندھ اسمبلی سے درخواست کروں گا کہ وہ ان مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔