پی پی کاجمہوریت پرشب خون مارنے کیخلاف آج یوم سیاہ منانے کااعلان

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے 5 جولائی کو ایک آمر کی جانب سے ملک کے پہلے منتخب وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر شب خون مارنے کو ملکی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت گرانے کے نتیجے میں ملک کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑی ہے۔ ملکی تاریخ کے اس سیاہ دن نے ہماری قوم کو انتہا پسندی، دہشت گردی اور کلاشنکوف و منشیات کی مصیبتوں سے دوچار ایک ایسے راستے پر کھڑا کر دیا جن سے ہم آج بھی نبرد آزما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بے پناہ مصائب برداشت کرنے کے باوجود، ہمارے درمیان اب بھی کچھ ایسے لوگ موجود ہیں جو جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لیے ہر وقت تاک میں رہتے ہیں۔ بلاول زرداری نے کہا کہ جنرل ضیا الحق کی جابر انہ حکومت نے پاکستان کے جمہوریت پسندوں، لبرلز اور سچے محب وطن لوگوں کے خلاف بربریت کو بے لگام کر رکھا تھا۔پیپلز پارٹی سندھ نے 5 جولائی جمہوریت پر شب خون مارنے کے خلاف آج(جمعہ) سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔پی پی رہنما نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے 5 جولائی 1977 ء کے ضیاالحق کے آمرانہ اقدام اور شہید بھٹو کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کے خلاف سندھ کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔