پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا آج سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان, 13 ہزار پمپس بند رہیں گے

135

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر ہڑتال کے بینرز آویزاں کر دیے گئے۔یہ ہڑتال آج جمعہ5جولائی کوملک بھر میں کی جارہی ہے، ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے جمعرات کی رات سے ہی شہر میں پیٹرول پمپس بند ہونا شروع ہوگئے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے کہا کہ ہمارا پیغام واضح ہے کہ5 جولائی کو ہڑتال کریں گے، صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند کردیے جائیں گے۔عبد السمیع خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہڑتال ایک دن سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے،ڈیلرز کو کہاگیا ہے کہ نئے پیٹرول کا آرڈر نہ دیں۔۔عبدالسمیع خان نے کہا کہ ہڑتال ایڈوانس انکم ٹیکس 0.5 کے خلاف کی جارہی ہے اورجب تک حکومت اس کو واپس نہیں لیتی کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر 13 ہزار ڈیلرز اپنے پمپ آج جمعہ5 جولائی سے بند کردیں گے۔ عبدالسمیع خان نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہماری وزیر خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین اوگرا سے ملاقات ہوئی لیکن ایسا لگتا ہے کہ کسی کو ملک کی فکر نہیں ہے اورآئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیکے ہوئے ہیں اسی لیے ہم ملاقات میں نتیجہ نہ نکلنے کی سبب ہڑتال کر رہے ہیں،حکومت کے اقدامات ڈبل ٹیکسیشن آئین کی خلاف ورزی ہے۔دوسری جانب شہر بھر میں ہڑتال کے حوالے سے مختلف پیٹرول پمپس پر احتجاجی بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان کی جانب سے ایسوسی ایشن کے کسی بھی عہدے سے لاتعلقی کا اعلان کرنے کے باوجودمبینہ طور پرایسوسی ایشن کے رہنما ہونے کے ناطے حسن شاہ نے پٹرولیم ڈیلرز نے پانچ جولائی کی ہڑتال کال کو مسترد کر دیا اور کہا کہ ملک بھر میں پٹرول پمپ کھلے رہیں گے اور ہم محاذ آرائی اختیار نہیں کریں گے۔علاوہ ازیں پیٹرولیم ڈویژن اور اوگران نے پیٹرول پمپ مالکان کو پیٹرول پمپ کھلے رکھنے کی ہدایت کی ہے۔