حکومت نے دھرنے میں رکاوٹ ڈالی تو خود ہی نتائج بھگتے گی‘حافظ نعیم الرحمن

156
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن اسلام آباد میں ٹی وی چینلز کے بیوروچیفس سے گفتگو کر ر ہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت خود گرنا چاہتی ہے، ہمارے دھرنے کا ایجنڈا بجلی، گیس،پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کی بھرمار کے خلاف احتجاج ہے، 12جولائی کو ہر صورت اسلام آباد کے اہم مقام پر بیٹھیں گے، حکومت نے رکاوٹ ڈالی تو خود ہی نتائج بھگتے گی، پرامن احتجاج ہمارا حق، عوام کو متحرک کرنے کے لیے ملک بھر میں کیمپنگ ہورہی ہے۔اسلام آباد میں ٹی وی چینلز کے بیورچیفس سے گفتگو اور سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے جیل سے باہر آنے پر ان کے ساتھ قومی ایشوز پر بات چیت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف زور شور سے باتیں کرنے والوں کے متعلق پتا نہیں لگ رہا یہ کس کے آدمی ہیں۔ نائب امرا میاں اسلم، ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، ڈپٹی سیکرٹری جنرل فراست علی شاہ اور امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ساتھ رابطہ بھی ہے اور ملاقاتیں بھی ہیں انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف جدوجہد ہمارا مشترکہ ایجنڈا ہے اس حوالے سے سب کا ایک ہی مؤقف ہے تاہم جماعت اسلامی کسی اتحاد کا حصہ نہیں ہے جماعت اسلامی سیاسی عمل کو ایشوز کی بنیاد پر آگے بڑھا رہی ہے ،ماضی کے اتحادوں کا بھی کوئی اچھا نتیجہ نہیں نکلا مقاصد پورے نہیں ہوتے اور بد مزگی پر اس کا اختتام ہوتا رہا ویسے بھی 2،3 مہینے سے تحریک تحفظ آئین کی سرگرمی دیکھنے میں نہیں آ رہی اس معاملے پر پی ٹی آئی ایک پیج پر نہیں ہے بانی چیئرمین جیل میں ہیں جبکہ باہر ہر ایک عمران خان بنا ہوا ہے سیاسی جماعتوں کے داخلی انتشار اور کنفیوژن کے ماحول میں اپنے ووٹر اور سپورٹر کو کنفیوژ نہیں کر سکتے آئین کی بالادستی چاہتے ہیں، جماعت اسلامی کا واضح مؤقف ہے سب ادارے اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جائیں ورنہ ملک گرداب سے نہیں نکل سکے گا عوام اور اداروں میں دوریاں بڑھتی جا رہی ہیں۔امیر جماعت نے کہا کہ آئی پی پیز کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کی بھرمار ہے آٹے دال چینی پر بھی ٹیکس لگا دیا جبکہ اشرافیہ کو ٹیکس نیٹ میں کیوں نہیں لایا جاتا اس حوالے سے کوئی لائحہ عمل نہیں ہے، جاگیرداروں سے ٹیکس کیوں نہیں وصول کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم کو وسیع کیا جا رہا ہے مختلف شعبوں کے حوالے سے ٹیمیں اور ورکنگ گروپ بنا رہے ہیں عوامی ایشوز کی بنیاد پر عوام کے ساتھ اتحاد ہو چکا ہے اسی لیے دھرنا دے رہے ہیں جو جماعت بھی دھرنا میں شریک ہونا چاہے اس کا خیر مقدم کریں گے یہ علامتی دھرنا نہیں ہو گا مستقل بیٹھیں گے ملک بھر سے قافلے آئیں گے تاجر تنظیموں نوجوانوں طلبہ کسانوں مزدوروں سب سے رابطے ہیں جلد دھرنے کا چارٹر آف ڈیمانڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں وسائل موجود ہیں مگر اہلیت اور صلاحیت کا فقدان ہے اصل مسئلہ حکمرانوں کی نا اہلی اور نالائقی ہے اور یہی سب سے بڑا بوجھ پاکستان پر ہے ایف بی آر کے22 ہزار ملازمین کیا کر رہے ہیں سارے تو ان ڈائریکٹ ٹیکس وصول کیے جا رہے ہیں ملک کا پہیہ نہیں چل رہا ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ہمارے جمہوری حقوق کو پامال کرنے کوشش نہ کی جائے دھرنے میں رکاوٹ سے یہ خود اپنے خلاف اقدام کریں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ملک میں اصلاحات کی ضرورت ہے متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات سے بہتری کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔ ہمارے پاس ریاست کو چلانے کا روڈ میپ موجود ہے لوگ جماعت اسلامی کو اپنی سیاسی چوائس بنا رہے ہیں۔ دھرنے کے مقاصد میں بجلی گیس کی قیمتوں میں کمی گیس پر لیویز میں کمی تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکسوں کا خاتمہ ، ٹیکسوں کے منصفانہ نظام کی ضرورت شامل ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں 16 سال سے برسراقتدار ہے صوبے میں کوئی انفراسٹرکچر نہیں ہے پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہے کراچی میں صنعتیں مسائل سے دوچار ہیں 3 سو یونٹ فری بجلی کا اعلان کیا تھا ان جماعتوں پر عوام کو اعتماد نہیں رہا نون لیگ ویسے بھی فارغ ہو چکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ عمران خان اس وقت جیل میں ہیں وہ جب بھی باہر آئیں گے ان سے قومی ایشوز پر بات چیت ہو گی حق دو عوام کو تحریک شروع کر چکے ہیں ہر قیمت پر اسلام آباد میں دھرنا ہو گا حکمران جھوٹ بول رہے ہیں مہنگائی کم نہیں ہوئی۔ جلد جماعت اسلامی کی طرف سے عام ممبر شپ مہم شروع کر دی جائیگی عام لوگوں کی کمیٹیاں بنائیں گے سب کے لیے جماعت اسلامی کے دروازے کھلے ہیں۔ بنو قابل پروگرام کو ملک بھر میں وسیع کریں گے۔