پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں کل جلسے کی اجازت مل گئی,پنجاب بھر سے کارکنوں کو شرکت کی ہدایت

107

اسلام آباد/ لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو ترنول چوک کے پاس 6 جولائی کو جلسے کی اجازت دے دی، پی ٹی آئی نیجلسہ میں شرکت کے لیے لاہور سمیت پنجاب بھر سے کارکنوں کو کال دیدی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے این او سی جاری ہونے پر عامر مسعود مغل کی درخواست نمٹا دی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 26 جون کو عدالتی حکم پر درخواست گزار کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات ہوئی جس میں این او سی جاری کرنے کو کہا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سے 20 بار رابطہ کیا گیا لیکن ہمیں این او سی نہیں دیا گیا بلکہ آج ایک دن پہلے عدالت کو آگاہ کیا گیا۔ ہمیں جلسے کی تیاری کیلیے وقت نہیں دیا گیا۔ جسٹس بابر ستار نے ریمارکس میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے آپ کو جلسے کی اجازت تو دے دی ہے۔ ہر بات پر جھگڑا تو نہیں کرسکتے۔ آپ تو بڑی پارٹی ہیں کچھ گھنٹوں میں ہی لوگوں کو نکال لیں گے۔ آپ کیا کہتے ہیں ڈپٹی کمشنر اب لوگوں کو بھی نکال کر لائے۔ علاوہ ازیں سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی پنجاب شوکت بسرا نے کہا ہے کہ لاہور سے کارکنان کی بڑی تعداد جلسے میں شرکت کیلیے اسلام آباد جائے گی، بہت عرصے بعد پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت ملی ہے، یہ عمران خان کی رہائی کیلیے پانی کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا۔