بھارت میں ہلاکت خیز اسموگ:10 بڑے شہروں میں 7 فیصد اموات کی وجہ فضائی آلودگی

123

نئی دہلی:بھارت میں اسموگ کی وجہ سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 10 بڑے بھارتی شہروں میں 7 فی صد اموات کی وجہ فضائی آلودگی ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ایک تحقیقی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاوہ ممبئی، احمد آباد، شملہ، چنئی، بنگلور، کلکتہ، حیدرآباد، وارنسی اور پونے میں اموات کی ایک اہم وجہ فضائی آلودگی بن چکی ہے۔

لینسیٹ پلانیٹری ہیلتھ جریدے میں مقالے میں کہا گیا ہے کہ اسموگ بھارت میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا سبب بن چکا ہے اور 10 بڑے شہروں میں رہنے والے لوگوں کے پھیپھڑے اسموگ کی وجہ سے سکڑتے جا رہے ہیں۔ اسی طرح ان شہروں میں کینسر پیدا کرنے والے مائیکرو پارٹیکلز کی سطح PM2.5 ہے، جسے آلودگی   کی خطرناک سطح قرار دیا جا رہا ہے۔

جائزے میں اعداد و شمار کے ذریعے تبایا گیا ہے کہ 11 سال کے دوران (2008ء تا 2019ء)اوسطاً 33 ہزار اموات ہر سال ہوئی ہیں، جس کی اہم ترین وجہ PM2.5 یعنی آلودگی کی خطرناک سطح   بتایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنیا میں بدترین فضائی آلودگی کے حوالے سے سرفہرست ہے جہاں ہر سال 12 ہزار اموات صرف آلودگی کی وجہ سے ہو جاتی ہیں۔