سندھ حکومت کی گھر بیٹھے نمبر پلیٹس کی فراہمی کا فیصلہ

159

کراچی: سندھ حکومت نے عوام کو گھر بیٹھے نمبر پلیٹس کی فراہمی کا نظام متعارف کرنے کا فیصلہ  کر لیا ہے جس سے عوام کو گھر بیٹھے نمبر پلیٹس فراہم کی جائیں گی ۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں عوام کو گھر بیٹھے نمبر پلیٹس کی فراہمی کے نظام کو متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں ضلع جنوبی میں موٹر رجسٹریشن کے دفتر کے قیام اور شام کے اوقات میں بھی کام کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اجلاس میں محکمہ ایکسائز کی جانب سے پریمیئم نمبر پلیٹس کے اجرا کے لیے مخصوص دفتر قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ پریمیئم نمبر پلیٹس کے اجرا کا پہلا مرحلہ کامیاب رہا اور اسے عوام کی بھرپور پذیرائی ملی۔ پریمیئم نمبر پلیٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔

شرجیل میمن نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کے اقدامات کیے جائیں، اور محکمہ ایکسائز کو کارپوریٹ انداز میں چلانے کے خواہاں ہیں۔

یاد رہے کہ چند دن قبل پاکستان میں پہلی بار گاڑیوں کی خصوصی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں سب سے مہنگی نمبر پلیٹ 10 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی تھی۔