شہرِ قائد میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ جمعرات کی صبح شہری جب بیدار ہوئے تو اُنہیں یہ دیکھ کر خوش گوار حیرت ہوئی کہ مطلع نمایاں حد تک ابر آلود ہے۔
شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ کہیں کہیں بوندا باندی بھی شروع ہوچکی ہے۔ گزشتہ شب بھی کراچی میں گرمی کا زور تھا تاہم محکمہ موسمیات نے نوید سنائی تھی کہ جمعرات کو بارش ہوسکتی ہے۔
جمعرات کی صبح جب لوگ گھروں سے نکلے تو موسم بے حد خوش گوار ہوچلا تھا۔ ایک ہفتے سے بھی زائد وقت سے شدید گرمی کا سامنا کرنے والے شہریوں کے لیے موسم میں رونما ہونے والی یہ تبدیلی انتہائی خوش گوار تھی۔ گرمی کا زور ٹوٹنے پر اُنہوں نے سکون کا سانس لیا۔
شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ متعلقہ سرکاری اداروں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ بارشوں کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں پہنچانے کے لیے تیار رہیں۔ برساتی نالوں کی صفائی نہیں کی جاسکی ہے تاہم کہیں کہیں متعلقہ ادارے چند ایک معاملات درست کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
سندھ حکومت نے بھی متعلقہ اداروں اور محکموں کو ہر وقت چوکس رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ مون سون کی بارشیں رواں ماہ کے دوسرے ہفتے سے متوقع ہیں۔ کراچی میں بھاری برسات ہوسکتی ہے اور دوسرے بہت سے شہروں کی طرح یہاں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ ایسے میں شہریوں کو بھی الرٹ رہنا ہے تاکہ اضافی اور غیر ضروری پریشانیوں سے بچ سکیں۔