غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی:270 دنوں میں 3359 اجتماعی قتل، شہید اور لاپتا افراد کی تعداد 48 ہزار ہوگئی

193

مقبوضہ بیت المقدس:فلسطین کی محصور پٹی غزہ میں 270 روز سے جاری اسرائیلی دہشت گردی میں 3359 فلسطینیوں کا اجتماعی قتل کیا گیا جب کہ شہید اور لاپتا فلسطینیوں کی تعداد 47 ہزار 925 ہو گئی ہے۔

فلسطینی سرکاری میڈیا دفتر کے مطابق اسرائیل کی جانب سے گزشتہ سال 7 اکتوبر کو فلسطین پر مسلط کی گئی نسل کشی پر مبنی جنگ 270 روز سے جاری ہے، جس میں اب تک قابض صہیونی فوج کے ہاتھوں 3 ہزار 359 فلسطینیوں کو اجتماعی طور پر قتل کیا گیا ہے  جب کہ شہید اور لاپتا ہونے والوں کی تعداد 47 ہزار 925 ہو گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 37 ہزار 925 فلسطینی شہدا اسپتال منتقل کیے گئے  جب کہ 10 ہزار ایسے ہیں جو تاحال لاپتا ہیں۔ شہدا میں 15 ہزار 919 بچے شامل ہیں جب کہ 34 فلسطینی قحط کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10 ہزار 569 خواتین شہدا کی تعداد ہے۔ اس کے علاوہ طبی عملے کے بھی 500 کارکن اسرائیلی دہشت گردی میں شہید ہوئے ہیں جب کہ سول ڈیفنس کے 75 اہل کار، 153 صحافی بھی اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بنے۔

قابض فوج کی جانب سے 7 اسپتالوں میں اجتماعی قبریں کھود کر دفن کیے گئے 520 شہدا کو نکالا گیا۔ اس کے علاوہ زمینی و فضائی حملوں میں زخمی فلسطینیوں کی تعداد 87 ہزار 141 ہو گئی ہے جس میں 70 فی صد بچے اور خواتین شامل ہیں جب کہ 17 ہزار سے زیادہ بچے اپنے والدین میں سے ایک یا دونوں کو اسرائیلی مسلط کردہ جنگ میں کھو چکے ہیں۔

اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں 3500 بچے شدید غذائی بحران اور خراک کی قلت کے نتیجے میں موت کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ دوسری جانب 15 ہزار زخمیوں کو علاج کے لیے بیرون ملک روانگی میں پابندیاں درپیش ہیں۔