انڈونیشیا میں 36 سالہ خاتون کو اژدھا نگل گیا

221

جکارتا: انڈونیشیا میں ایک 36 سالہ خاتون کو اژدھا نگل گیا، جو اپنے بچے کی دوا لینے کے لیے گھر سے روانہ ہوئی تھی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق انڈونیشین گاؤں سائٹبا میں اپنے بیمار بچے کے لیے دوا خریدنے کے لیے گھر سے جانے والی خاتون کی 2 روز قبل لاپتا ہونے کی اطلاع تھی، جسے لوگوں اور پولیس کی جانب تلاش  کیا جا رہا تھا۔

بعد ازاں خاتون کے گھر سے تقریباً 500 میٹر دور کپڑے اور چپل مل گئی۔  اسی اثنا میں تلاش کی کارروائی میں مصروف خاتون کے شوہر کو قریبی جنگل میں ایک اژدھا نظر آیا، جس کا پیٹ معمول سے ہٹ کر پھولا ہوا تھا، شبہے کی بنیاد پر دیہاتیوں نے پیٹ کاٹ کر دیکھا تو اس میں سے لاپتا خاتون کی لاش برآمد ہو گئی۔

پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت سریاتی کے نام سے ہوئی جس کی عمر 36 سال تھی اور یہ گزشتہ 2 روز سے لاپتا تھی۔