نان فائلرز کی 2لاکھ 10 ہزار موبائل سمز بلاک،2 ہزار لگ بھگ اشیاء پراضافی کسٹمز ڈیوٹی عائد

86

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اب تک 2 لاکھ 10 ہزار نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کی گئی ہیں جبکہ 61 ہزار 996 سمز ٹیکس ریٹرن جمع کروانے پر بحال کیں۔ ذرائع نے بتایاکہ ٹیلی کام کمپنیوں کو روزانہ کی بنیاد پر 5 ہزار موبائل سمز کا ڈیٹا بھیجا جا رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 5 لاکھ 6 ہزار 6 سو 71 نان فائلزز کی سمز بلاک ہوں گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایف بی آر نے 6 لاکھ 6 ہزار سے زاید افراد کی موبائل سم بند کرنے کے لیے انکم ٹیکس
جنرل آرڈر جاری کیا تھا۔ ایف بی آر کے مطابق ان افراد کی آمدن انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے قابل ہے لیکن یہ افراد انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے قابل ہونے کے باوجود فائل نہیں کررہے، یہ افراد ایف بی آر ایکٹو ٹیکس پیئرلسٹ میں شامل نہیں لہٰذا انکم ٹیکس ریٹرنز فائل نہ کرنے والوں کے موبائل فون کنکشن کسی بھی وقت بند کیے جاسکتے ہیں۔علاوہ ازیں ایف بی آر نے مالی سال 2024-25 کے لیے نئی 2 ہزار کے لگ بھگ اشیاء پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی عاید کر دی۔ فنانس بل میں گاڑیوں کے پرزوں پر 2 فیصد، امپورٹڈ گاڑیوں کی بیٹریوں پر 2 فیصد اور زرعی ٹریکٹرز کے ٹائر اور ٹیوب پر 2 فیصد ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی عاید کی گئی ہے۔اس کے علاوہ ہزار سی سی سے اوپر گاڑیوں پر 2 فیصد، امپورٹڈ الیکٹرک گاڑیوں، الیکٹرک رکشوں اور الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر 2 فیصد اضافی ڈیوٹی لگائی گئی ہے جبکہ بلڈرز اور ڈیولپرز کے مختلف آلات پر 2 فیصد ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی عاید کی گئی ہے۔