کندھ کوٹ کچے میں ڈاکوئوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ سے 2 اہلکار شہید

73

کندھکوٹ/ قنبر علی خان (نمائندگان جسارت) کندھکوٹ کچے کے علاقے میں قائم پولیس چیک پوسٹ پر مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کر دیا 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوئے، پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو بھی ہلاک ہو گیا، ہلاک ہونے والے ڈاکو 25 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ کے پولیس تھانہ درانی مہر کی حدود کچے کے علاقے میں قائم پولیس چیک پوسٹ دوڑ پر صبح سویرے 20سے زاید مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کر کے اندھا دھند فائرنگ کردی گولیاں لگنے سے موقع پر ہی 2 اہلکار اللہ ڈنو سبزوئی اور نثار احمد کلہوڑو شہید
جبکہ2 اہلکار اے ایس آئی انور چنہ اور زاہد نصیرانی زخمی ہو گئے زخمی اہلکاروں اور شہیدوں کی میتیں سول اسپتال کندھکوٹ پہنچائیں گئیں ۔ واقعے کی اطلاع کے بعد ایس ایس پی بشیر احمد بروہی نے مزید پولیس کی نفری جائے وقوع پر بھیج دی ان کی قیادت میں وہاں پر ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی کی گئی پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو بھی ہلاک ہو گیا ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت نظیر عرف موالی بھیو کے نام سے ہوئی جو تین اغوا شدہ ہندو تاجر کے اغوا کرنے والے گینگ کر سرغنہ تھا۔ مختلف پولیس تھانوں پر 25 مقدمات ہلاک ہونے والے ڈاکو پر درج تھے جس کی لاش کو اپنے ساتھی لیکر کچے کی طرف فرارہو گئے۔پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری رہا۔ شہید اہلکاروں کی میتیں ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈ کوارٹر میں لائی گئیں جہاں پر ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی ،نماز جنازہ میں ایس ایس پی بشیر احمد بروہی، ڈپٹی کمشنر امیر فضل اویسی، ونگ کمانڈر رینجر سمیت پولیس رینجرز کے افسران وجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی جس کے بعد شہیدوں کی میتیں ان کے آبائی شہروں نوشہرو فیروز اور کندھ کوٹ روانہ کردی گئیں آخری اطلاع تک پولیس واقعے کا مقدمہ درج نہ کر سکی۔