باجوڑ دھماکا: سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 5 افراد جاں بحق

84

باجوڑ (مانیٹرنگ ڈیسک) تحصیل ماموند کے علاقہ ڈمہ ڈولہ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے دھماکا کیا گیا جس میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ، ملک عرفان، نظر الدین، یار محمد اور سمیع الرحمان جاں بحق ہوئے، سابق سینیٹر ہدایت اللہ اپنے بھتیجے امیدوار پی کے 22 نجیب اللہ کی الیکشن مہم کے لیے ڈمہ ڈولہ گئے تھے۔ سابق سینیٹر ہدایت اللہ خان 2012ء سے لیکر 2024ء تک سینیٹ کے ممبر رہے، وہ 2 بار فاٹا سے آزاد حیثیت سے سینیٹ کے ممبر رہ چکے تھے، وہ نیکٹا کے ممبر اور سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے
ہوابازی کے چیئرمین بھی رہے تھے۔سابق سینیٹر ہدایت اللہ کا تعلق ناوگئی سے تھا اور وہ سابق گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ خان کے چھوٹے بھائی اور سابق ایم این اے حاجی بسم اللہ خان کے صاحبزادے تھے۔ ہدایت اللہ خان ساتھیوں کے ہمراہ الیکشن مہم کے بعد ڈمہ ڈولہ سے واپس ہیڈ کوارٹرز خار آرہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی پر دھماکا ہوا۔ دھماکے کی اطلاع پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، امدادی ٹیموں نے لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ،صدر آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، سینیٹر فیصل سلیم، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر نے دھماکے پر اظہار افسوس کیا۔