بدین (رپورٹ: محمد علی بلیدی ) صوبہ سندھ میں تعلیم دشمنی حکومتی منصوبہ بندی میں شامل نظر آتی ہے ایک طرف وزیر تعلیم سردار علی شاہ میرٹ پر فیصلے کرنے کا اعلان کرتے ہیں لیکن جب ایک تعلیمی افسر میرٹ بنیاد پر کوئی فیصلہ کرے تو اسے اپنے عہدے کی قربانی دینی پڑتی ہے۔ سید عمران شاہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ضلع بدین کی برطرفی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ سندھ پروفیسر رئیس احمد
منصوری نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید عمران شاہ جو کہ ایک محنتی اور ایماندار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ضلع بدین ہیں، ان سے اعلیٰ عہدیداران اور حکومتی نمائندے دیگر ٹیچرز کا استحصال کرکے ایک خاتون ٹیچر کو من پسند اسکول میں پوسٹنگ دلوانے پر زور دیتے رہے لیکن سید عمران شاہ نے تمام تر دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے میرٹ پر فیصلہ کیا جس کے نتیجے میں انہیں عہدے سے برطرف کر دیا گیا جو کہ سراسر تعلیم کے ساتھ کھلواڑ اور دشمنی کا ثبوت ہے۔ سیکرٹری تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ سندھ پروفیسر عبد الحفیظ احمدانی ، صوبائی ڈائریکٹر شعبہ بہبود اساتذہ محمد سلیم جونیجو اور صدر تنظیم اساتذہ پاکستان ضلع بدین پروفیسر راؤ اعظم نے بھی اس برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سید عمران شاہ کو ان کے عہدے پر بحال کرنے پر زور دیا ہے۔