درجنوں امریکی کمپنیاں لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار فرہم کرتی ہیں

80

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ریاستہائے متحدہ امریکہ کے 248ویں یومِ آزادی کا جشن منانے کے لییامریکی سفارتخانہ اسلام آباد میں ایک رنگا رنگ اور پْروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔”میڈ اِن یو ایس اے” کے عنوان کے تحت منعقد ہونے والی اس تقریب میں امریکا اور پاکستان کے مابین پائیدار شراکت داری کو اْجاگر کیا گیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض اوقات دونوں ممالک کو بڑی بڑی مشکلات کا سامنا رہا ہے جیسے سیلاب، جنگ، وبا، یا معاشی بحران مگر ہم میں سے جن بھی افراد نے اس تعلق کو مضبوط بنانے میں مِل جْل کر کام کیا ہے وہ اس امر کے معترف رہے ہیں کہ ہماری شراکت داری ہمیشہ ہماری قومی خوشحالی اور سلامتی میں اضافہ کی جانب جاری طویل سفر کا کلیدی حصہ رہی ہے۔ اس تقریب نے امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کی مضبوطی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے معاشی روابط میں وسعت ، ثقافتی تبادلوں میں فروغ اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مزید تعاون کے مشترکہ عزم کی بھی تائید کی۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ کے یوم ِ آزادی کے موقع پر دونوں ممالک نے مشترکہ بحرانوں سے نمٹنے اور روشن مستقبل کے مواقع سے مستفید ہونے کی خاطر باہمی اقدامات کا بھی عزم کیا۔ دونوں ممالک کے اس عزم کا اعادہ کیا گیاکہ وہ اپنے شہریوں کو خوشحال مستقبل فراہم کر سکیں۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے تقریب کے مہمان ِ خْصوصی وفاقی وزیر برائے ترقیاتی منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال تھے۔ پاکستان کے سرکاری حکام، کاروباری، تدریسی، سول سوسائٹی سے وابستہ شخصیات اور سفارت کاروں نے اس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین آزادی، جمہوریت اور معاشی خوشحالی کی مشترکہ اقدار کو اجاگر کیا۔ موسیقی، لذیذ پکوانوں اور ثقافتی روایات سے مزین یہ تقریب ریاستہائے متحدہ امریکہ کے تنوع کی بھرپور عکاسی کر رہی تھی۔