کاٹی کا صنعتوں کیلئے فوری ریلیف کا مطالبہ

66

کراچی ( کامرس رپورٹر ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جوہر قندھاری نے حکومت سے صنعتوں کیلئے فوری ریلیف کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں انڈسٹریز پر بے جا ٹیکسز کا انبار لگا دیا ہے جس کی وہ متحمل نہیں۔ صدر کاٹی نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں کراچی میں بڑی تعداد میں صنعتیں بند ہونا شروع ہوگئی ہیں، صنعتکار مہنگی ترین بجلی، گیس، شرح سود اور پیداواری لاگت کے ساتھ ٹیکسسز کی بھرمار ادا کرتے ہوئے کاروبار کرنے کے قابل نہیں، یہی وجہ ہے کہ بیشتر صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔ جوہرقندھاری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نا مناسب پالیسی کے باعث بے روزگاری کا طوفان آنے کا خدشہ ہے جس سے نہ صرف بد امنی بڑھے گی بلکہ عوام میں حکمرانوں کی نامناسب پالیسی کے خلاف غصہ بڑھتا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کفایت شعاری اپناتے ہوئے سرکاری اخراجات اور مراعات میں کمی کرے، لیکن بدقسمتی سے حکومت کی جانب سے کفایت شعاری کیلئے کوئی اعلان نہیں کیا گیا جس سے عوام اور بزنس کمیونٹی میں شدید غم اور غصہ پایا جاتا ہے۔ صدر کاٹی نے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے مطالبہ کیا کہ عوامی جذبات کو سمجھتے ہوئے بے جا اضافی ٹیکسز میں کمی کی جائے۔