ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2024ء میں95 کھلاڑی112 مرتبہ صفر کا شکار

132

 امریکا اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طور پر ہوئے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں 95 کھلاڑی112 مرتبہ صفر کا شکار ہوئے جوکسی ٹی ٹونٹی عالمی کپ میں صفر کا نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے ایک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ صفر متحد ہ عرب امارات اور عمان میں2021 میں ہوئے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں حاصل کئے گئے تھے۔ اس عالمی کپ میں67 بلے باز79 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے۔
بنگلادیش کے تنزید حسن اور یوگینڈا کے راجر موکاسا 3,3 صفر کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ مرتبہ صفر حاصل کرنے والے بلے باز رہے۔ تنزید حسن نے7 میچوں کی 7 اننگز میں3 مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھولا مگر انہوں نے 10.85 کی اوسط اور96.20 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 76 رنز بنائے۔راجر موکاسا نے اس عالمی کپ میں 3 میچ کھیلے اور تینوں میں وہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے۔ وہ ایک مرتبہ پہلی گیند پر، ایک مرتبہ دوسری گیند پر اور ایک مرتبہ تیسری گیند پر آئوٹ ہوئے۔ اس طرح انہوں نے اس عالمی کپ میں 6 گیندیں کھیلیں۔ نیپال کے ابھی ناش بھوہارا نے بھی اس عالمی کپ میں کوئی رن نہیں بنایا۔ انہیں3 میچوں میں سے 2 میں بلے بازی کا موقع ملا اور وہ دونوں مرتبہ پہلی بال کا شکار ہوئے۔ امریکا کے سوربھ نیٹرا والکر کو جن 2 اننگز میں بلے بازی کا موقع ملا ۔ ان دونوں اننگز میں وہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔
پاکستان کے اعظم خان، نیوزی لینڈ کے مشیل بریسوال، بھارت کے جسپریت بمراہ، نامیبیا کے جین پیری کوٹزے، نیدر لینڈس کے تیجا ندامانورو، یوگینڈا کے فرینک نسوبوگا، سری لنکا کے سدیرا سمارا وکرما، عمان کے رٖفیع اللہ، سری لنکا کے متی شا پتی رانا، کنیڈا کے رویندر پا ل سنگھ، نامیبیا کے بین شی کونگو، نیوزی لینڈ کے ٹم ساوتھی ، یوگینڈا کے ہنری سن یونڈو اورنوان تشارا نے اس عالمی کپ میں کوئی رن نہیں بنایا۔ ان کھلاڑیوں کو کم از کم ایک اننگ میں بلے بازی کا موقع ضرور ملا۔
یوگینڈا کے کھلاڑیوں نے اس عالمی کپ میں سب سے زیادہ صفر حاصل کئے۔ اس کے کھلاڑی 4 میچوں کی4 اننگز میں 13 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ۔ اٖفغانستان کو اس عالمی کپ میں8 میچوں میں کھیلنے کا موقع ملا جن کی 8 اننگز میں اسکے کھلاڑی دس مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے۔ بنگلا دیش کے کھلاڑی 7 اننگز میں9 مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔
پاکستان، انگلینڈ اور کنیڈا کے کھلاڑی مشترکہ طور پر سب سے کم مرتبہ صفر کا شکار ہوئے۔ تینوں ٹیموں کے 2,2 کھلاڑی اس عالمی کپ میں اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے۔ کنیڈا کو 3، پاکستان کو4 اور انگلینڈ کو8 میچ کھیلنے کا موقع ملا۔
نیدر لینڈس اور جنوبی افریقا کے درمیان نیو یارک میں8 جون2024 کو ہوئے میچ میں 5کھلاڑی اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔ نیدر لینڈس کے 3 کھلاڑی اور جنونی افریقا کے 2 کھلاڑی اس میچ میں صفر کا شکار ہوئے ۔ بنگلا دیش اور نیپاک کے درمیان کنگسٹن میں 16 جون2024 کو ہوئے میچ میں بھی 5 کھلاڑیوں کو صفر ملا تھا۔ اس میچ میں بنگلا دیش کا ایک کھلاڑی اپنا کھاتہ نہیں کھول سکا تھا جبکہ نیپال کے 3 کھلاڑی صفر کا شکار ہوئے تھے۔