قومی ٹیم میں شمولیت کیلئے یو یو ٹیسٹ پاس کرنا لازمی قرار

118

کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے قومی ٹیم میں شامل ہونے کے لیے یو یو ٹیسٹ پاس کرنا پھر لازمی قرار دے دیا۔ پی سی بی کے فیصلے کے مطابق کھلاڑیوں کی فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے یو یو ٹیسٹ واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ قومی ٹیم کے ٹیسٹ کرکٹرز اور انٹرنیشنل کرکٹرز کو یویو ٹیسٹ سمیت تمام فٹنس ٹیسٹ لازمی پاس کرنے ہوں گے۔ پی سی بی کے پلان کے مطابق یہ فٹنس ٹیسٹ2 مرحلوں میں کرائے جائینگے پہلے مرحلے میں 11جولائی سے ملک میں فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے، فٹنس ٹیسٹ سب سے پہلے ضلعی سطح پر کرائے جائیں گے جس کے بعد علاقائی سطح پر ہوں گے۔ اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی فٹنس پلان کی منظوری دے دی۔ فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے والے کھلاڑیوں کو نہ صرف قومی ٹیم بلکہ علاقائی ٹیموں سے بھی ڈراپ کردیا جائے گا۔