بدین (نمائندہ جسارت) صدر تنظیم اساتذہ پاکستان سندھ پروفیسر رئیس احمد منصوری نے کہا ہے کہ صوبے میں تعلیم دشمنی حکومتی منصوبہ بندی میں نظر آتی ہے، ایک طرف وزیر تعلیم سردار علی شاہ میرٹ پر فیصلے کرنے کا اعلان کرتے ہیں لیکن جب ایک تعلیمی افسر میرٹ کی بنیاد پر کوئی فیصلہ کرے تو اسے اپنے عہدے کی قربانی دینا پڑتی ہے، سید عمران شاہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ضلع بدین کی برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید عمران شاہ جو محنتی اور ایماندار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ضلع بدین ہیں، ان سے اعلیٰ عہدیداران اور حکومتی نمائندے دیگر ٹیچرز کا استحصال کرکے ایک خاتون ٹیچر کو من پسند اسکول میں پوسٹنگ دلوانے پر زور دیتے رہے، لیکن سید عمران شاہ نے تمام دباؤ نظر انداز کرتے ہوئے میرٹ پر فیصلہ کیا جس کے نتیجے میں انہیں عہدے سے برطرف کر دیا گیا جو سراسر تعلیم کے ساتھ کھلواڑ اور دشمنی کا ثبوت ہے۔ سیکرٹری تنظیم اساتذہ پاکستان سندھ پروفیسر عبد الحفیظ احمدانی، صوبائی ڈائریکٹر شعبہ بہبود اساتذہ محمد سلیم جونیجو اور صدر تنظیم اساتذہ پاکستان ضلع بدین پروفیسر راؤ اعظم نے بھی برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سید عمران شاہ کو عہدے پر بحال کرنے پر زور دیا ہے۔